حج فلائٹ آپریشن کے تحت 1200سے زائد عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں

102
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):حج فلائٹ آپریشن کے تحت 1200سے زائد عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔ 1390 عازمین پیر اور منگل کی درمیانی شب تک حجازمقدس پہنچ جائیں گے۔ پیر کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستانی عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ روز (اتوار کو) 5 پروازوں کے ذریعے 1200 سے زائد عازمین مدینہ منورہ پہنچائے گئے ہیں جبکہ مزید 4 پروازوں کے ذریعے 1390 عازمین حجاز مقدس پہنچیں گے۔

وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منگل تک 3ہزار سے زائد 9 حج پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچ جائیں گے۔ وزیرمذہبی امور سینیٹرمحمد طلحہٰ کی ہدایت پر قربانی کی رقم عازمین کے بینک اکائونٹ میں منتقل کردی گئی ہے ۔عازمین حج اپنی پرواز سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ حاجی کیمپوں سے پاسپورٹ، ویزہ اور ٹکٹ حاصل کر سکتےہیں۔ عازمین کی رہنمائی کے لئے وزارت کی حج ہیلپ لائنز اور ویب سائٹ سے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین نے وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہٰ کے اقدامات کو لائق تحسین قرار دیاہے ۔مدینہ منورہ کے رہائشی ہوٹلز میں پاکستانی پرچم والی جیکٹ پہنے حج معاونین رہنمائی کے لئے 24 گھنٹے موجود ہیں۔ حج مشن مدینہ کی نئی بلڈنگ میں مین کنٹرول آفس بھی قائم کردیا گیا ہے۔