اسلام آباد ۔ 16 اگست (اے پی پی)حج کے بعد فلائٹ آپریشن (کل) ہفتہ کو شروع ہو گا۔ وطن واپسی کیلئے حاجیوں کی پروازیں 15 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت 2 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی۔ حاجیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پہلی حج پرواز (کل) ہفتہ کو کراچی پہنچے گی۔ سعودی ایئر لائن کی پہلی حج پرواز 200 سے زائد حجاج کرام کو لے کر کراچی پہنچے گی۔ حج فلائٹ آپریشن میں پی آئی اے، ایئر بلیو اور سعودی ایئر لائن حصہ لیں گی۔ حج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، سکھر، ملتان، سیالکوٹ، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ سمیت 10 شہروں میں اتریں گی۔ حج کے بعد فلائٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔