حریت رہنما، جامع مسجد سرینگر کی مسلسل بندش ،مزاحمتی قیادت کی نظربندی کی مذمت

141

سرینگر ۔ 12 نومبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماﺅں اور تنظیموں نے جامع مسجد سرینگر کی مسلسل بندش، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق ، محمد یاسین ملک اور دیگر آزادی پسند رہنماﺅں کی گھروں، جیلوں اور تھانوں میں نظر بندی اور انہیں جمعہ کی نماز ادا کرنے سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کی کٹھ پتلی انتظامیہ علاقے میںہندو توا کے ایجنڈے پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے بھی روکا جا رہا ہے جس سے جمہوریت، مذہبی آزادی اور مساوی حقوق جیسے بھارتی نعرے کھوکھلے ثابت ہو چکے ہیں۔ حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکمرانوں کا اسلام اورمسلم دشمن رویہ کھل کر سامنے آچکا ہے۔