حزب اختلاف کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی،ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا،سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کا اظہار خیال

85

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔ جمعہ کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ ایوان بالا میں احتساب کے حوالے سے بحث کو ذاتی نوعیت نہیں دی جائے گی بلکہ بامقصد ہوگی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے تجاویز آئیں گی لیکن بحث سے یہ اندازہ ہوا کہ اپوزیشن اس پر سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حلقہ پورا ملک ہوتا ہے، کسی بھی ملک میں ایسی صورتحال ہو تو لوگ اپنے حلقے میں جاتے ہیں، سابق وزیراعظم نے بار بار کہا ہے کہ ہم نے آگے بڑھنا ہے تو ذاتی مفادات کو سامنے نہیں رکھنا ہے، ملک کے لئے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا بحران اور دہشت گردی بنیادی مسائل ہیں جب تک لوگوں کو یقین نہ ہو کہ جو لوگ منتخب ہوتے ہیں وہ ان کے ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں تو یہ نظام آگے نہیں بڑھ سکتا۔