حضرت امام حسینؓ کی قربانی حق کے علمبرداروں کیلئے مشعل راہ ہے ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

23

سیالکوٹ ۔04 جولائی (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کا کردار اور واقعہ کربلا انسانیت کو حق، سچائی، صبر، استقامت اور قربانی کا درس دیتا ہے، اسوۂ شبیری صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے حق کے علمبرداروں کے لیے مشعل راہ ہے۔ وہ سیالکوٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس کا مقصد شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک واضح لکیر کھینچنے کا نام ہے

حضرت امام حسینؓ نے ظلم، جبر اور باطل قوتوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی اور ہمیشہ کے لیے انسانیت کو ایک لازوال پیغام دے دیا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج بھی اسوۂ شبیری کی روشنی میں اپنی زندگیوں کو سنوارنے اور معاشرے میں عدل، مساوات اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا نہ صرف ایک تاریخی واقعہ ہے بلکہ ہر دور کے لیے ایک نظریہ اور تحریک ہے جو انسان کو ضمیر، حق گوئی اور قربانی کا درس دیتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔