کراچی۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حضرت لال شہباز قلندرؒ کا پیغام دنیا میں محبت، رواداری اور بھائی چارہ ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کےمطابق حضرت لال شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت لال شہباز قلندرؒ معاشرے میں عدم برداشت اور انتہاپسندی کے خلاف آہنی دیوار کا نام بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت لال شہبازؒ کی تعلیمات میں معاشرے کی اجتماعی طاقت پنہاں ہے، جو پاکستان کی سربلندی کا راستہ ہے،ہمارے خطے کے تہذیبی و معاشرتی تانے بانے صوفیاء کرام نے امن، ہم آہنگی اور اتحاد کے پیغام کے ذریعے بُنے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حضرت لال شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر ملک کی خوشحالی اور ترقی کی دعا کرتا ہوں۔