کراچی۔5اکتوبر (اے پی پی):اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے وزیراعظم عمران خان کی 69 ویں سالگرہ پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور قوم کو آگے لے جانی والی سوچ کے ساتھ 26 سال طویل جدوجہد کی ہے، آج اس سوچ پر عمل ہورہا ہے، ملک ترقی کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی 69ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔
تقریب میں پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر بلال غفار، اراکین سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، سعید آفریدی، رابستان خان، شاھنواز جدون و دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی شریک تھے۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پی پی اور ن لیگ دونوں نرسری کی پیداوار ہیں، این آر او کے تحت پی پی اور ن لیگ کی مشرف کے دور میں واپسی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ صاف ستھری عوامی سیاست کی ہے1992 میں انہوں نے پاکستان کے لئے ورلڈ کپ جیتا، جس پاکستان کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اس کو قائد اعظم محمد علی جناح نے پورا کیا، آج عمران خان اس مشن پر عمل پیرا ہیں، کرونا کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی ہے دیگر ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان میں بائیس فیصد اضافہ کیا گیا جس میں عوام کو ریلیف دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن وزیراعظم عمران خان کی سالگرہ کی خوشی کا دن ہے، عمران خان کو کل بھی پاکستان کی اعلی عدلیہ نے صادق و امین قرار دیا تھا آج بھی سرخرو ہوئے ہیں، ہم سلام پیش کرتے ہیں عمران خان کو جنہوں نے ملک سے دو پارٹی سسٹم کا خاتمہ کیا،شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی جیسے بڑے ادارے بنائے، ملک اور قوم کی ترقی کے لئے عمران خان نے سیاست کا مشکل راستہ چنا اور حق اور سچ پر ڈٹے رہے، اللہ نے ہر میدان میں مدد کی ہے، حکومت آتے ہی کورونا آگیا بہت ساری مشکلات پیدا ہوگئیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا میگا حب ہے، سندھ حکومت نے کراچی کو تباہ کر دیا ہے، کوویڈ کے باجود وفاقی حکومت کی معاشی شعبے میں بہترین کارکردگی رہی ہے، ٹیکس کلیکشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا عمران خان پر اعتماد بڑھ گیا ہے، ہرمہینے دو ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر ہورہی ہیں، آئی ٹی کے شعبے کی برآمدات پہلی مرتبہ دو ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے،کرنٹ اکائونٹ ماضی میں ہمیشہ خسارے میں رہا، موجودہ حکومت کے دورمیں خسارہ ختم ہوا،ماحولیات پر توجہ بلین ٹری سونامی پروگرام ملک بھر میں اربوں درخت لگائے گئے ،ایگریکلچر سیکٹر میں نمایاں کارکردگی سے آج ہمارا کسان مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندم، چاول، کپاس، گنے دیگر اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوا،اجناس کے بہتر قیمت ملنے کے باعث دیہی معیشت میں بہتری آئی ہے۔کسانوں کو اجناس کی فروخت کے لئے منڈی تک ڈائریکٹ رسائی دی گئی۔کامیاب کسان پروگرام، کسان کارڈ، کھاد، بیج پر سبسڈی دی گئی ہے۔ سی پیک پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ کامیاب پاکستان اسکیم کا افتتاح ہوچکا ہے جس کے تحت 37 لاکھ خاندانوں میں 1400 ارب روپے کی اسکیمیں دی جائیں گی۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کووڈ 19 کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے اسمارٹ لاک ڈائون کا راستہ اختیار کیا جس کو پوری دنیا نے سراہا، وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومت پاکستان نے بہت سے کارنامے سرانجام دیئے ہیں،ملک میں 30 ملین ویکسین کی خوراکیں منگوائی گئیں، پہلی بار ملک میں پرسنل پروٹیکشن ایکوئپمنٹس اور وینٹیلیٹر کی تیاری کی گئی، نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام لایا گیا، سماجی تحفظ کے لئے احساس پروگرام لایا گیا،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کامیاب جوان پروگرام لایا گیا، قانون سازی کے حوالے سے 54 قوانین تیار کئے گئے، کوڈ آف سول پروسیجر (ترمیمی) ایکٹ 2020،انفورسمنٹ آف وومن پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2020 ،لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ایکٹ 2020 شامل رہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں ڈیمز پر تیزی سے کام جاری ہے جس میں مہمند ڈیم، دیامر بھاشا ڈیم، داسو ڈیم شامل ہیں۔سماجی شعبہ میں ہیلتھ کارڈز متعارف کروایا گیا۔ 260 ارب روپے کا احساس پروگرام کم آمدن والے طبقہ کے گھروں کی تعمیر، سندھ کے شہر کراچی کے لئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان شروع کیا گیا کراچی اس ملک کے لئے65 فیصد ریونیو پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پرانی بسوں پر سفر ہوتا تھا آج گرین لائن منصوبا مکمل ہوچکا ہے،کے سی آر کا منصوبے کا افتتاح ہوچکا ہے، کے فور منصوبہ پانی فراہمی پر کام جاری ہے۔
کراچی میں تین بڑے نالوں کی صفائی کا کام وفاق نے مکمل کردیا ہے۔سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ نالے میں بے گھر ہونے والے متاثرین کو آباد کریں گے، سندھ حکومت نے کسی کو زمین نہیں دی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ضلع ایسٹ کی زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں، ریونیو ریکارڈ کو جلا دیا گیا ہے لیکن غریب متاثرین کو گھر بنانے کے لئے زمین نہیں دی جاتی۔