حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے تمام تر آئینی آپشنز استعمال کرے گی، حکومت نے بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا،معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

54

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے تمام تر آئینی آپشنز استعمال کرے گی، قومی اسمبلی سے بل پاس کروا کر ہم نے پہلی رکاوٹ عبور کر لی ہے اب دوسرے مرحلے میں بھی اس بل کو پاس کرانے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومتوں نے اپنے ادوار میں زراعت کے شعبے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا اور دونوں جماعتوں نے کسانوں کا استحصال کیا، یہ لوگ قومی مجرم ہیں انہوں نے اپنے 10 سالہ دور کے دوران پاکستان جو زرعی اجناس برآمد کرنے والا ملک تھا اسے انہوں نے درآمد کرنے والا ملک بنا دیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کے شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت کی طرف سے زراعت کے شعبے کو دی گئی مراعات کی وجہ سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور رواں سال گندم، چاول اور دالوں سمیت چھ فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں اوورسیز پاکستانیز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں وہ سالانہ لاکھوں ڈالرز پاکستان میں بھیجتے ہیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر تو بھیجتے رہیں لیکن انہیں ووٹ کا حق نہیں دلوانا چاہیے لیکن اب ایسا نہیں چلے گا کیونکہ نوازشریف برطانیہ میں رہتے ہیں اور پاکستان میں انہیں لیڈر مانا جاتا ہے اسی طرح اسحاق ڈار بھی برطانیہ میں مقیم ہیں اور یہاں انہیں سینیٹر بنوایا گیا ہے، موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ہر صورت میں ووٹ کا حق دلائے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے بل 2019ءسے اسمبلی میں پڑا ہوا تھا لیکن اپوزیشن جماعتیں اس پر بات کرنے کی بجائے جلسے جلوسوں میں مصروف عمل رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کے ممالک میں ترسیلات زر میں کمی ہوئی ہے لیکن پاکستان کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو وزیراعظم عمران خان پر پورا اعتماد ہے اسلئے وہ پراپرٹی سمیت دیگر چیزوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ میں اب تک ڈیڑھ بلین ڈالر آ چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، 52 ارب روپے کی نئی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ 42 ارب روپے کسٹم ڈیوٹیز میں چھوٹ دی گئی ہے۔