حکومت اپوزیشن کے کھوکھلے اور بے بنیاد بیانیے کا ٹھوس کارکردگی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے، بیرسٹر عقیل ملک

123
حکومت کی بنیادی توجہ اقتصادی بہتری اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر ہے، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے کھوکھلے اور بے بنیاد بیانیے کا ٹھوس کارکردگی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی کہ حکومتی ٹیم اجتماعی اور موثر انداز میں کام کرے،اپوزیشن کے اتحاد پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نام نہاد اتحاد ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور غیر فعال ہے۔

اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے امکان پر بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت سیاسی استحکام کے لیے کام کرنے پر آمادہ ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مذاکرات کے ذریعے این آر او کی خواہاں ہے، چونکہ حکومت نے کوئی بھی غیر ضروری رعایت دینے کو مسترد کر دیا ہےاس لیے پی ٹی آئی نے تعمیری مصروفیات کے بجائے فرار کا راستہ اختیار کیا ہے۔