حکومت برآمدات کے فروغ سے معاشی ترقی کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، حکومت پیٹرو کیمیکل کے شعبہ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کا پیٹرو کیمیکلز سمپوزیم سے خطاب

80

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پیٹرو کیمیکل کا شعبہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، پیٹرو کیمیکل کا شعبہ بھرپور استعداد کا حامل ہے جو مقامی صنعتی شعبہ کی ضروریات کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مشیر تجارت نے کہاکہ شعبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس کی مدد سے مختلف شعبہ جات کی ترقی میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے جن میں زراعت اور توانائی سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے پیٹرو کیمیکل سمپوزیم کا انعقاد کارپوریٹ پاکستان گروپ کی کاوشوں سے ہوا۔

سمپوزیم کے انعقاد میں سرمایہ کاری بورڈ پاکستان اور آئی سی سی آئی، پاکستان بزنس کونسل اور پی سی ایم اے کا اشتراک بھی شامل تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق دائود نے کہا کہ حکومت پیٹرو کیمیکل کے شعبہ کی پیداوار کے فروغ کیلئے تمام ترممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات اور بھرپور گنجائش موجود ہے اور شعبہ کو نجی و سرکاری شراکت سے ترقی دی جا سکتی ہے اور اس حوالہ سے حکومت ہر طرح کا ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ پیٹرو کیمیکل کے شعبہ میں ہر طرح کی سرمایہ کاری کے حوالہ سے حکومت ہرممکن مواقع فراہم کرے گی اور شعبہ میں سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ مشیر تجارت نے کہاکہ تجارت میں روایتی سے غیر روایتی ٹیکسٹائل کی عالمی برآمدی منڈی بہت زیادہ بڑی نہیں ہے جس کا برآمدی حجم ایک کھرب ڈالر ہے تاہم غیر روایتی شعبوں میں برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئی ٹی، زراعت، تیل و سٹیل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں برآمدات کے وسیع مواقع ہیں۔ حکومت غیر روایتی شعبوں کی برآمدات پر توجہ دے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ٹیرف میں کمی سمیت دیگر اقدامات سے ان شعبوں کو مراعات دی ہیں کیونکہ ان کی اندرون ملک تیاری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت برآمدات کے فروغ سے معاشی ترقی کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

مشیر تجارت نے کہا کہ حکومت غیر روایتی برآمدات کے فروغ کیلئے مزید مراعات بھی دینے کیلئے پرعزم ہے۔ قبل ازیں سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین/ وزیر مملکت محمد اظفر احسن نے کہا کہ پیٹرو کیمیکلز کے شعبہ کی پالیسی حتمی مراحل میں ہے جس کے نفاذ سے ملک میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی اور درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کے ساتھ ساتھ روزگار کے 50 ہزار سے زیادہ مواقع بھی پیدا ہوں گے۔