ڈیرہ مراد جمالی ۔ 10 جون (اے پی پی):صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے ترقیاتی اسکیمات کی منظوری اور ان پر بروقت عملدرآمد حکومت کا اہم ہدف ہے تاکہ عوامی مسائل کا دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے
اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے لہڑی ہاوس ڈیرہ مراد جمالی میں مقامی صحافیوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی خدمت ہے اور اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی حلقہ پی بی 14 میں جھڈیر سرکل کی بحالی عدالتی فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہے، جو کہ عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے۔
یہ فیصلہ عوامی حق کی جیت ہے اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے حلقہ بندیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پی بی 14 تمبو کی سابقہ حلقہ بندیوں میں ایک منظم سازش کے تحت رد و بدل کیا گیا تھا، جس سے عوام میں اضطراب پیدا ہوا۔ تاہم، ہم نے ہر فورم پر اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی اور بالآخر عوامی خواہشات کے مطابق عدالتی فیصلہ آیا جو کہ جمہوری عمل کی فتح ہے۔
حاجی میر محمد خان لہڑی نے مزید کہا کہ نصیرآباد کے حلقہ انتخاب کے تمام علاقوں کے عوام ہمارے لیے یکساں اہمیت رکھتے ہیں اور ان کی خدمت ہمارا فرض ہے۔ ہم سیاست کو خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور ہر شعبے میں بہتری لانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں ۔۔