حکومت تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے، آئندہ بجٹ میں چیمبر کی تجاویز کو شامل کیا جائیگا، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی ایف پی سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

134

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس کے ارکان کی جانب سے بجٹ تجاویز کا خیرمقدم ک کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور آئندہ بجٹ میں چیمبر کی تجاویز کو شامل کیا جائیگا۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے وفد سے ملاقات میں کہی ۔ وفد کی قیادت فیڈریشن کے صدر عرفان احمد شیخ کر رہے تھے۔ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

ایف پی سی سی آئی کے وفد نے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے تجاویز دیں۔ انہوں نے حکومت کی معیشت کو بحال کرنے اور برآمدات کو بڑھانے کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کی معاشی اور مالیاتی صورتحال پر روشنی ڈالی اور حکومت کے ان چیلنجز پر قابو پانے اور معیشت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا اور یہ حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرے گی۔ وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت نے تمام بین الاقوامی ذمہ داریاں بروقت پوری کی ہیں اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ وزیر خزانہ نے وفد کے ارکان کی جانب سے دی گئی بجٹ تجاویز کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور آئندہ بجٹ میں چیمبر کی تجاویز کو شامل کرے گی۔

وزیر خزانہ نے تاجر برادری کی اہمیت کا اعادہ کیا اور پاکستان کی معیشت میں ان کی کوششوں اور شراکت کو سراہا۔ایف پی سی سی آئی کے وفد نے بجٹ تجاویز پر غور کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ایف پی سی سی آئی کے وفد میں میاں انجم نثار، محمد یونس ڈھاگا، عبدالقادر میمن، محمد سلیمان چاولہ، عمر مسعود الرحمان، ذکریا عثمان، سہیل الطاف، انجینیئر عبدالقادر میمن، ایم اے جبار، مرزا عبدالرحمن، اسامہ احسن خان، محمد علی میاں، محمد ندیم قریشی اور دیگر شامل تھے۔