حکومت خطے میں سیاحت کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

156

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے،حویلی میں ٹورازم فیسٹیول کا انعقاد اور اس فیسٹیول میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کی نوید ہے کہ ٹورازم دوبارہ بحال ہو رہی ہے،ہر سال لاکھوں سیاح اس خوبصورت خطہ کا رخ کرتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حویلی ٹورازم فیسٹیول کیلیے حکومت نے بھرپور معاونت فراہم کی، وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور اس حوالے سے متحرک رہے، اس طرح لوگوں کو ایک بہترین تفریح میسر آ سکی، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر کے ٹوریسٹ سپاٹس کے گوگل پر آن لائن روٹس تعین کئے جائیں گے تاکہ باہر سے آنے والے سیاحوں کو مشکلات نہ ہوں ، اسی طرز پر آزادکشمیر بھر میں ٹورازم فیسٹیول کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کو رسائی ملے اور وہ کشمیر کے حسن کو دیکھ سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ٹورازم کے حوالہ سے جاری شدہ منصوبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا،مختلف ٹورازم سپاٹس پر لائٹنگ نصب کی جائیں گی اور بھرپور سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ سیاحوں کی دلچسپی بڑھے، آزادکشمیرایک خوبصورت خطہ ہے، یہاں کا رہن سہن، ثقافت اور کلچر پوری دنیا میں منفرد پہچان رکھتا ہے تاکہ یہاں کی ثقافت اور کلچر کے ساتھ ٹورازم کو فروغ ملے اور دنیا اس خطہ کی جانب مائل ہو۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مالی بحران کے باوجود ہماری حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے گی ،سیاحت کو فروغ دے کر بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے اس سلسلے میں مغربی ملکوں کے ماڈل کو اپنانے کی ضرورت ہے جو صرف سیاحت کے شعبے سے کثیر ریونیو جنریٹ کرتے ہیں۔