سیالکوٹ ،30 اپریل (اے پی پی):حکومت خواجہ سرا کمیونٹی کو معاشرے کا مفید اور باوقار حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے حکومت پاکستان خواجہ سرا کمیونٹی کو معاشرے کا باوقار اور فعال حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے ینگ بلڈ ڈسکہ کے زیر اہتمام خواجہ سرا افراد کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
،ممبر قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ خواجہ سرا افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جنہیں ماضی میں نظرانداز کیا جاتا رہا، تاہم موجودہ حکومت نے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم، فنی تربیت، روزگار، صحت، قانونی تحفظ اور سماجی فلاح کے میدان میں خواجہ سرا افراد کے لیے مخصوص پروگرامز کا آغاز کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے "خواجہ سرا تعلیمی پالیسی” کی منظوری، لاہور میں "تحفظ درسگاہ” کا قیام، اور بے نظیر کفالت پروگرام میں خواجہ سرا افراد کی شمولیت جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ "ینگ بلڈ ڈسکہ” جیسے تنظیمیں معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں قابلِ ستائش کردار ادا کر رہی ہیں۔
خواجہ سرا افراد کے لیے ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتیں اجاگر کر سکیں اور معاشرے کا باوقار حصہ بن سکیں۔تقریب میں خواجہ سرا کمیونٹی کے نمائندوں، سول سوسائٹی اراکین، طلباء، صحافیوں، اور مقامی انتظامیہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواجہ سرا افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص کیا جائے اور انہیں شناخت، تعلیم اور تحفظ کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
تقریب کے منتظم حاجی زاہد جہانگیر نے تمام مہمانوں، شرکاء، اور خواجہ سرا کمیونٹی کے نمائندوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ینگ بلڈ ڈسکہ آئندہ بھی اس طرح کی تقریبات کے ذریعے مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتا رہے گا۔تقریب کے اختتام پر خواجہ سرا کمیونٹی کی نمائندہ نے سیدہ نوشین افتخار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ان کے لیے حوصلہ افزا ہیں اور وہ مستقبل میں مزید ترقی کے لیے پُر امید ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590255