حکومت سندھ نے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصداضافہ کردیا، کم سے کم اجرت 25000 روپے مقرر، پنشن میں 10فیصد اضافے کی تجویز

165

کراچی۔15جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کو سندھ اسمبلی میں بجٹ برائے مالی سال 2021-22 پیش کرتے ہوئے حکومت سندھ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بنیادی تنخواہ کا 20 فیصداضافہ، مزدور کی کم سے کم اجرت 25000 اور حکومت سندھ کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10فیصد اضافہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور مراعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اس کے ملازمین کی کارکردگی سے تعلق رکھتی ہے۔

حکومت سندھ ہر ملازم کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ہم ملازمین کی تنخواہوں میں بنیادی تنخواہ کا 20 فیصداضافہ کی تجویز رکھتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مزدور طبقہ کی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے اور ان کی تنخواہ کو حکومت کے ملازمین سے مسابقت رکھتے ہوئے مزدور کی کم سے کم تنخواہ کو 17500روپے سے بڑھا کر 25000روپے ماہانہ کرنے کی تجویز ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کل تنخواہ اور کم سے کم تنخواہ یعنی 25000روپے کے فرق کو کم کرنے کے لئے سندھ حکومت کے گریڈ ایک سے پانچ تک کے ملازمین کے لئے ایک پرسنل الائونس کی بھی تجویز ہے۔ پرسنل الائونس کی شرح میں گریڈ 1 1900 روپے ماہانہ، گریڈ 2 1500 روپے ماہانہ، گریڈ 3 900 روپے ماہانہ، گریڈ4 250 روپے ماہانہ، گریڈ 5 250 روپے ماہانہ۔ مزید بر آں نئے مالی سال 2021-22میں حکومت سندھ کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10فیصد اضافہ تجویز کیا جاتا ہے۔