پشاور۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سینٹ کے انتخابات شو آف ہینڈز کے ذریعے کرانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کر رہی ہے، اس سلسلہ میں تمام قانونی پہلوئوں پر مشاورت جاری ہے، اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو این آر او نہیں ملے گا۔ بدھ کو گورنر ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سینٹ کے شفاف اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد پر یقین رکھتی ہے، تمام قانونی پہلوئوں پر مشاورت جاری ہے، سینٹ کے انتخابات میں ماضی میں حکومتوں کیلئے ہارس ٹریڈنگ بہت آسان رہی ہے لیکن اس عمل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کے 20 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔ پی ڈی ایم کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن نے 34 صفحات کا این آر او مانگا تھا جو اسے نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف مقدمات سابق ادوار میں بنائے گئے تھے، تحریک انصاف نے یہ مقدمات نہیں بنائے۔