اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کا تپاک استقبال کرے گی اور حکومت مولانا فضل الرحمان کے مارچ سے پریشان نہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کے دورہ پاکستان میں دلچسپی رکھتی ہے لیکن انہیں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے احتجاجی مظاہرے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے مارچ کرنا چاہتے ہیں لیکن میرا دعوی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز ان کی حمایت اور نہ ہی مارچ میں انہیں جوائن کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے بے چین ہیں اور اسی مقصد کے لئے وہ دینی مدارس کے طلبہ کو اپنے ذاتی سیاسی فوائد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔