اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ عمران خان جس شاخ پر بیٹھتے ہیں اسے ہی کاٹنے لگتے ہیں ، حکومت مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کر رہی ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا ملک کے دفاع کیلئے کردار قابل تحسین ہے۔ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، حکومت سفارتی سطح پر بھی بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے، حکومت نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے لائن آف کنٹرول پر ہونے والے نقصانات اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف دستاویزی ثبوت اور اقوام عالم کو پیش کئے ہیں