اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور مشاورتی اورمربوط حکمت عملی کے ساتھ نجکاری کے عمل کوشفاف طریقے سے مکمل کیا جائیگا۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں سرکاری کاروباری اداروں کے بارے میں اقتصادی مشاورتی کونسل کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرنجکاری محمدمیاں سومرو، وزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین، سیکرٹری نجکاری اور پرائیوٹ ارکان عارف حبیب اورسلطاب علی الانہ نے شرکت کی۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سٹریٹجک اہمیت، کارگردگی، فعالیت اورمنافع کی بنیادپرنجکاری کیلئے مخصوص سرکاری کاروباری اداروں کی پورٹ فولیو کاجائزہ لیاگیا، کمیٹی نے حکومت کی پالیسی کے مطابق اداروں کی مالیاتی اورانسانی وسائل کے انتظام وانصرام کی بنیادپرنجکاری سے متعلق تمام پہلووں پرتفصیلی گفت وشنیدکی۔
سلطان علی الانہ نے کہاکہ نجکاری ایک پیچیدہ معاملہ ہے اوراس کے حوالہ سے کئی چیلنجز موجود ہیں۔ وزیرنجکاری اوروزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین نے سرکاری کاروباری اداروں کی نجکاری سے متعلق اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیرخزانہ کومختلف اداروں کی نجکاری سے متعلق قانونی اورانتظامی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ نجکاری کے عمل کوتیزکرنے اورسرکاری کاروباری اداروں کی کارگردگی اورمسابقت بڑھانے کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے ان اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکوبااختیاربنانے کی ضرورت پربھی زوردیا تاکہ یہ ادارے منیجمنٹ کوبہتربنانے کیلئے ٹھوس فیصلے کرسکے۔انہوں نے کہا کہ اس سے نجکاری کے عمل میں غیرضروری تاخیر کاخاتمہ ممکن ہوسکے گا۔
وزیرخزانہ نے اپنے اختتامی کلمات میں کہاکہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اورحکومت مشاورتی اورمربوط حکمت عملی کے ساتھ نجکاری کے عمل کوشفاف طریقے سے مکمل کرے گی۔