حکومت ملک بھر میں بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

85
زرداری ٹولے کا مشن کرپشن اور لوٹ مار ہے ،پیپلزپارٹی کا نام نہاد لانگ مارچ شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا،عوام ظالم لٹیروں سے سندھ کی پسماندگی کا حساب لیں گے،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے اور اہداف کے حصول کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، حکومت نے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کے بچوں کو مساوی تعلیمی مواقع مہیا کرنے کیلئے مختلف پروگرامز شروع کئے ہیں، بچوں کو سکولوں میں داخلے دے کر شرح خواندگی کو بہتر بنایا جائے گا، کوویڈ 19 میں خواندگی سے جڑے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں وزارت تعلیم نے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولیات پہنچانے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم کا صوبوں کو منتقل ہو گیا ہے تاہم وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر تعلیم سے متعلق چیلنجز کو حل کرنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ وزارت تعلیم اور ورلڈ بینک نے کورونا بحران کے دوران بچوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کیلئے مل کر کام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوئی ہے، بچے ملک کا مستقبل ہیں اور ہم سب کو مل کر انہیں معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنا کر ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا چاہیے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے مختلف تعلیمی نظام کی وجہ سے قوم کو تقسیم کیا گیا ہے تاہم موجودہ حکومت ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یکساں نصاب پالیسی متعارف کرانے کیلئے پر عزم ہے اور ایک ہی وقت میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں سمیت مدارس میں اس کا اطلاق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار سے ترقی کے سفر پر گامزن ہونے کیلئے قوم کو مکمل طور پر پڑھا لکھا بنانا ہو گا تاکہ وہ بااختیار ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران بچوں کو تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کیلئے ٹیلی سکولنگ اہم قدم تھا۔