اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں لیٹریسی ایمر جنسی کے نفاذ کا منصو بہ بنا رہی ہے جس کا مقصد آئندہ 4 برسوں میں شرح خواندگی کو 58 سے 70 فیصد تک لانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی“ کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے وزارت تعلیم نے ملک گیر ”قومی خواندگی مہم“ کے اجراءکا منصوبہ مرتب کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے تحت ملک بھر کے تمام اضلاع میں 5 ہزار سے زائد خواندگی اور سکل ڈیویلپمنٹ مراکز قائم کئے جائیں گے، جبکہ قومی سطح پر ایک نیشنل کوآرڈینیشن سنٹر بھی قائم کیا جائے گا تا کہ لٹریسی مہم کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے مابین مفاہمت پیدا کی جا سکے۔ دریں اثناءوفاقی وزارت تعلیم میں جائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر رفیق طاہر نے مجوزہ مہم کی تفصیلات کا تبادلہ کرتے ہوئے بتایا کہ لٹریسی ایمر جنسی کے نفاذ کی ملک گیر مہم کے مسودہ کی تیاری کے حوالے سے وزارت میں ایک بہت اہم اجلاس منعقد کیا گیا ہے، جس کا آئندہ اجلاس 16 جنوری کو منعقد ہو گا۔ لٹریسی مہم کا مسودہ کو حتمی شکل دینے کے بعد نفاذ سے قبل کابینہ ڈویژن سے اس کی منظوری لی جائے گی۔ رفیق طاہر نے کہا کہ اس مہم کو بھرپور طور پر کامیاب بنانے کے لئے عملدرآمد سے قبل تمام وزرائے اعلی اور صوبائی وزرائے تعلیم کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت تعلیمی شعبہ میں مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے وزارت تعلیم نے قومی نصاب کونسل (این سی سی) بھی قائم کر دی ہے۔