حکومت مہنگائی پر قابوپانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ،کنول شوذب

134

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابوپانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ بدھ کو نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کنول شوذب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں چینی مافیا کو بے نقاب کرے گی اور سب کا احتساب ہوگا ، چاہے وہ کتنا ہی دولت مند یا سیاسی طور پر اثر رسوخ والا ہوں ۔کنول شوذب نے قوم کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم عمران خان جلد ہی تمام چینی مافیا کو منطقی انجام تک پہنچانے کے وعدے کو پورا کریں گے اور کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مافیا وزیر اعظم عمران خان کی اصلاحات کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے سجاد مصطفیٰ باجوہ کے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف اصلاحات ہونی چاہئیں جن کو سرکاری راز فاش کرنے اور فرائض سے غفلت پر برطرف کیاگیاہو ، اگر ہم اپنی آئندہ نسلوں کے لئے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں تو سیاسی اختلافات کوملکی مفاد سے الگ رکھناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی تاریخی فتح سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کو وزیر اعظم عمران خان پر بھر پور اعتماد ہے۔