حکومت نے آئندہ مالی سال 26-2025کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت داخلہ ڈویژن کی 3 نئی اور 15 جاری منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 12ارب 90 کروڑ 84 لاکھ 44ہزار روپے کے فنڈز مختص

19
According to budget documents
According to budget documents

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):حکومت نے آئندہ مالی سال 26-2025کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام(پی ایس ڈی پی ) کے تحت داخلہ ڈویژن کی 3 نئی اور 15 جاری منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 12ارب 90 کروڑ 84 لاکھ 44ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں ۔ منگل کو جاری ہونے والے پی ایس ڈی پی کے اعدادوشمار کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں داخلہ ڈویژن کی 3 سکیمیں شامل کیں ہیں ،جن میں سیف سٹی اسلام آباد کی توسیع کیلئے 3 ارب روپے ، اسلام آباد انفراسٹرکچر کیلئے 2 ارب روپے ، این ایف اے کیلئے کنورشنل فرانزک سہولیات کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کے مقصد کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کئے ہیں ۔

پی ایس ڈی پی میں 15 جاری منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 78ارب 84 کروڑ 44 لاکھ روپے مختص کئے ہیں ۔ 15جاری منصوبوں میں اسلام آباد سیکٹر ایچ 16 میں ماڈل جیل کی تعمیر کے منصوبے کیلئے ایک ارب 18 کروڑ 9 لاکھ 51ہزار روپے مختص کئے گئے ۔جس پر لاگت کا تخمینہ 7 ارب 49 کروڑ 90لاکھ روپے لگایا گیا ہے اور اب تک اس منصوبے پر 3 ارب 59 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں۔ دیگر جاری سکیموں میں صوبہ سندھ میں 13 ریجنل پاسپورٹ دفاتر کی تعمیر ، اسلام آباد پولیس کیلئے چینج منیجمنٹ یونٹ کے کیمپ کا قیام ، مربوط باڈر منیجمنٹ سسٹم فیز 2 کی تعمیر ، نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر قائم میٹرو بس سٹیشن کے پیشہ وارانہ امور و مرمت کا منصوبہ ،پاسپورٹ ایپلیکشن کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کی اپ گرڈیشن ، غیر ملکی شہریوں کی سیکورٹی اور متعلقہ سہولیات کی فراہمی ،نیشنل پولیس ہسپتال کی تعمیر ، اسلام آباد کے دیہی علاقوں کیلئے بارش کے پانی کے کاشتکاری کے مقاصد کیلئے استعمال منصوبہ ، سیوریج ٹریٹ منٹ پلانٹس کی تعمیر کے تین منصوبے ، اسلام آباد ڈویلپمنٹ پیکج ، لینڈ ریونیو اسلام آباد رولرز فیز 2 کے انتظامی نظام ، نشے کے عادی افراد کی بحالی کے ماڈل مرکز کا قیام ، نادرا کے تیسرےمرحلے کے ڈیجیٹل اکانومی توسیع منصوبہ شامل ہیں ۔ان تمام جاری منصوبوں کیلئے لاگت کا تخمینہ 40 ارب 73 کروڑ 61 لاکھ 82 ہزار روپے لگایا گیا ، جن میں سے اب تک 14 ارب 54 کروڑ 51 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکےہیں ۔