حکومت نے ایف بی آر سمیت مختلف اداروں میں اصلاحات کا آغاز کیا ہے، سینیٹر محمد اورنگزیب

17
Aurangzeb

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے ایف بی آر سمیت مختلف اداروں میں اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔ منگل کو آئندہ مالی سال 26۔2025 کا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں مختصر عرصے میں حکومت نے مختلف شعبہ جات میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ان میں ایف بی آر کی اصلاحات شامل ہیں، ہمارا سب سے اہم معاشی مسئلہ محصولات کے نظام کی خامیاں تھیں،

ایف بی آر کو ٹرانسفارم کئے بغیر معیشت کو مستحکم کرنا اور قومی اہداف حاصل کرنا ممکن نہ تھا اس لئے وزیراعظم کی سربراہی میں ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کا آغاز کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم کی زیر نگرانی تفصیلی مشاورت سے منصوبہ تیار کیا گیا جس کی ستمبر 2024ء میں منظوری دی گئی اس منصوبے کی بنیاد تین ستون پیپل، پراسیس اور ٹیکنالوجی پر رکھی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس منصوبے کا محور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ہے ۔پاکستان میں پہلی مرتبہ اس کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ڈیجیٹل پروڈیکشن ٹریکنگ کا آغاز کیا گیا جسے اب سیمنٹ، مشروبات، کھاد اور ٹیکسٹائل تک توسیع دی جا رہی ہے، ملک گیر سطح پر ای انوائسنگ کا اجراء اور جدید ٹیکنالوجی لانے کے مینڈیٹ کے ساتھ پی آر اے ایل بورڈ کی تشکیل نو ہو چکی ہے۔