حکومت نے تعلیمی اداروں کو تکنیکی ترقی کا محور بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ، مل کر اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ تعلیم آ ئندہ نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

146
Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جامع تعلیمی نظام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو تکنیکی ترقی کا محور بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، ہمیں مل کر اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ تعلیم آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے۔جمعے کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے افراد اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں تعلیم کے اہم کردار کو تسلیم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کے تعلیم کے بین الاقوامی دن کا موضوع "مصنوعی ذہانت اور تعلیم: خودکاری کی دنیا میں انسانی عوامل کا تحفظ” کے تحت ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت انسانیت کی خدمت کے لئے ہماری مشترکہ کوششوں میں معان ہو۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والے نظام کے تیزی سے ہماری زندگیوں کا حصہ بننے سے انسانی مداخلت اور مشینی کردار کے درمیان فاصلہ سمٹ رہا ہے، یہ صورتحال ہماری لئے مواقع اور چیلنجز دونوں فراہم کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں یہ سوال انتہائی اہم ہے کہ آٹومیشن کی بڑھتی ہوئی لہر کے درمیان ہم انسانی عوامل کو کیسے برقرار رکھ اور بڑھا سکتے ہیں؟ہم سب تسلیم کرتے ہیں کہ تعلیم تبدیلی کا اصل محرک ہے جو نوجوانوں کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تنقیدی سوچ، اختراع اور اخلاقی ذمہ داری کو فروغ دے کر ہم نہ صرف اپنے شہریوں کو تکنیکی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے درکار جدید وسائل فراہم کرنا چاہتے ہیں بلکہ انہیں اس اندازمیں اختیار کرنا چاہتے ہیں کہ ان سے ہم اپنی اقدار او رآزادیوں کو بھی برقرار رکھ کر اپنے معاشرے کو ترقی بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تعلیمی اداروں کو تکنیکی ترقی کا محور بنانے کے لیے تیار کرنے کے ضمن میں اہم اقدامات کیے ہیں، ان میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کی تعلیم دینے والے کالجوں میں ہائی امپیکٹ آئی ٹی لیبز کا قیام، دیہات میں موجود آئی سی ٹی سکولوں میں ڈیجیٹل ہب، گوگل سینٹر آف ایکسی لینس، سمارٹ کلاس رومز اور ای تعلیم پورٹل وغیرہ شامل ہیں ۔ مزید برآں، ہم نے اختراع کو فروغ دینے کے لیے روزگار مراکز، سافٹ و یئر ٹیکنالوجی پارکس ، روبوٹکس اینڈ مائنڈ گیمز اور سٹیم لیبز جیسے منصوبے شروع کئے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ بچوں کو مطلوبہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ناگزیر ہے، آج کے دن ہم ایک ایسے تعلیمی نظام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو انسان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشے اور ا س میں احساس اور مقصدیت پیدا کرے۔وزیراعظم نے کہاکہ آج کے دن کی مناسبت سے میں اپنے معلمین اور علم کے شعبےسے وابستہ افراد کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہتاہوں جو معاشرے کو علم کی روشنی سے منور کرنے کےلئے انتھک محنت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئیے ہم سب مل کر علم کی روشنی کے اس نیک مقصد کو آگے بڑھاتے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تعلیم آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے۔