حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے پسماندہ اضلاع میں فور سروس کی فراہمی کے لئے ساڑھے 6 ارب روپے کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے،پانچ منٹ کال کے بعد 75 پیسے ٹیکس کے نفاذ کوختم کردیا جائے گا،امین الحق

66
حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے پسماندہ اضلاع میں فور سروس کی فراہمی کے لئے ساڑھے 6 ارب روپے کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے،پانچ منٹ کال کے بعد 75 پیسے ٹیکس کے نفاذ کوختم کردیا جائے گا،امین الحق

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جنوبی پنجاب کے لئے پسماندہ اضلاع کے عوام کو تیز ترین فور جی موبائل انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے لئے ساڑھے 6 ارب روپے کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے،

ملتان اورخانیوال سے ملحقہ دیہاتوں کو ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروس کی فراہمی کے لئے یونیورسل سروسز فنڈ اور جاز موبائل کمپنی کے مابین معاہدہ پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ، اضافی سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل آئندہ ماہ مکمل ہو جائے گا،جس سے سرکاری خزانے میں اربوں روپے جمع ہوں گے،

ملک میں 2022 تک فائیو جی کی سہولت دستیاب ہو جائے گی، سیکرٹری آئی ٹی ہر دو ماہ بعد اس ٹیکنالوجی کے لئے باقاعدہ اجلاس منعقد کر رہے ہیں، پانچ منٹ کال کے بعد 75 پیسے ٹیکس کے نفاذ کوختم کردیا جائے گا، اس معاملہ پر انڈسٹری اور وزارت ایک پیج پر ہیں، وزیر اعظم نے اس معاملہ پر نظر ثانی کی یقین دہانی کرائی ہے،

وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق 2023 میں پارلیمنٹ کو ڈیجیٹل کرتے ہوئے پیپر لیس بنا دیا جائے گا ۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا ا ظہار معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے کیا۔

معاہدے پر وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری اور جاز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر ابراہیم نے دستخط کئے۔ اہم تقریب میں وفاقی وزیر آئی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی جانب وزارت آئی ٹی کے تیز رفتار سفر کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ صرف جنوبی پنجاب کیلئے براڈ بینڈ سروسز کے 6 اور آپٹیکل فائبر کے 3 منصوبوں پر مجموعی طور پر 6 ارب 47 کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے 38 لاکھ افراد کو ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ اور تقریبا 2 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے کو فائبر آپٹیکل کیبل سے منسلک کردیا جائے گا۔سید امین الحق کے مطابق ان منصوبوں کے تحت بھاولپور ڈویژن کے 3 اضلاع بھاولپور، رحیم یار خان اور بھاولنگر میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 3 منصوبوں پر مجموعی طور پر 70 کروڑ 88 لاکھ 44 ہزار روپے خرچ کررہے ہیں جس سے 846 گائوں اور دیہاتوں میں مقیم تقریبا 26 لاکھ افراد مستفید ہوں گے ان تینوں منصوبوں پر 50 سے 75 فیصد تک کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

اسی طرح ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے 4 اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ اور راجن پور میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 2 منصوبوں پر ایک ارب 14 کروڑ 12 لاکھ روپے جبکہ آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 3 منصوبوں پر 4 ارب 47 کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں۔

ان منصوبوں کی تکمیل سے تقریبا 2 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ فائبر آپٹیکل کیبل سے منسلک ہوجائے گا۔ جبکہ براڈ بینڈ سروسز منصوبوں پر 25 فیصد سے زائد کام ہوچکا ہے منصوبوں کی تکمیل سے 393 دیہاتوں اور گاں کی ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد کی آبادی کو تیز ترین براڈ بینڈ سروسز ملیں گی۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری نے ملتان خانیوال منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملتان ڈویژن میں ملتان اور خانیوال کیلئے 157 ملین روپے کی لاگت سے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز پراجیکٹ سے تقریبا 170 دیہاتوں اور گاں کے تقریبا 5 لاکھ افراد کو براڈ بینڈ کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔

اس منصوبے کو ایک سال کی قلیل ترین مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ جاز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹیو عامر ابراہیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جاز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر ابراہیم نے کہاکہ،

جاز نے گزشتہ دو سال کے دوران دیہی اور نیم شہری علاقوں میں فور جی کو فروغ دینے کے لیے 462 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل میں حکومت پاکستان کے ساتھ ہمارے تعاون اور ڈیجیٹل تفریق کو ختم کرنے کے مشن کے عین مطابق ہے