حکومت نے شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی ہے،نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان

63
ڈاکٹر ندیم جان

اسلام آباد ۔30ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ حکومت نے شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔

انہوں نے یہ بات وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کے بارے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے بریفنگ حاصل کرتے ہوئے کہی۔ وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پولیو اور حفاظتی ٹیکوں کی بہترین کوریج کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ جب تک پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط نہیں کیا جاتا، بڑے اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کو جدید ترین سینٹر بنایا جا رہا ہے جبکہ ریجنل ہیلتھ سینٹر کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں کے مریضوں کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔