حکومت نے صوبے میں مستحق خاندانوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد

74

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صوبے بھر میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے، صحت انصاف کارڈز کے ذریعے ہر خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے تک ہیلتھ کوریج حاصل کر سکے گا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈز ایک جامع ہیلتھ کوریج کی سہولت ہے، ابتدائی طور پر فنڈنگ کی حد 10 لاکھ روپے سالانہ رکھی گئی ہے تاہم تجاوز کی صورت میں حکومت تعاون کرے گی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت نے اب تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے والے 5.2 ملین خاندانوں سمیت 8.5 ملین لوگوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ تین ماہ کے دوران 30 ملین خاندانوں کو ہیلتھ کارڈز مہیا کرنے کا ٹاسک پورا کرے گی جو مختلف ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔