حکومت نے ملک کو مشکلات سے نکال کر تیسرا بجٹ متوازن پیش کیا ،یہ بجٹ حقیقی معنوں میں عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ ہے،وزیر دفاع پرویز خٹک کا شمولیتی جلسوں سے خطاب

71
عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ پرویز خٹک

پشاور۔13جون (اے پی پی):وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو مشکلات سے نکال کر تیسرا بجٹ متوازن پیش کیا اور یہ بجٹ حقیقی معنوں میں عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ ہے جس سے اپوزیشن جماعتوں کے دعووں کی قلعی کھل چکی ہے مولانا فضل الرحمان نوازشریف اور آصف زرداری کے خاندانوں کی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے پی ڈی ایم کی چھتری تلے اس ملک کے ساتھ جو کھیل کھیل رہے ہیں ان کا یہ ارمان کبھی بھی پورا نہیں ہوگا

وزیر اعظم عمران خان حکومت اپنی آئینی مد ت پوری کرے گی ، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل وزیرا عظم عمران خان کے پاس ہے اپوزیشن نہ مانو کی پالیسی چھوڑ کر ملک کے مفاد کی سیاست کرے وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپنا پانچواں بجٹ بھی پیش کرے گی اور 2023 میں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے اپوزیشن 2023 کے الیکشن کے تیاری کریں اب پی ڈی ایم کی ہم خیال جماعتیں اے این پی اور پی پی پی عوام کو اسلام ، روٹی کپڑا، مکان ،پختون اور قائد اعظم کے نام پر عوام کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتیں۔

وہ مانکی شریف میں قیوم خان خٹک حجرہ ،ایوب ٹھیکدار حجرہ ، خان زمان ،غلام خان استقبالیوں اور شمولیتی جلسوں سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، اے پی اے ابراہیم خٹک، اسحاق خان خٹک نے بھی خطاب کیا پرویز خٹک نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستانی قوم مراعات اورسہولیات کا مطالبہ تو کرتی ہے لیکن ٹیکس کی ادائیگی کے لئے کوئی تیار نہیں ،اور ٹیکسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پورا ملک بیرونی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے سابقہ حکومتوں کی لوٹ مار کرپشن اقربا پروری اور ناقص اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان معاشی اور اقتصادی طور پر کمزور ہوچکا تھا بین الاقوامی سرمایہ کار سرمایہ کاری کی غرض سے پاکستان آنے تک گوارا نہیں کرتے تھے پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر پانچ ارب ڈالر تک رہ گئے تھے اور کوئی بھی ملک پاکستان کے ساتھ تجارت کے لیے تیار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ حتی کے اسلامی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ تجارت سے گھبرا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالتے ہی ملک کو معاشی اور اقتصادی بحرانوں سے نکالنے اور بہتر اقتصادی ،سفارتی اور معاشی پالیسیوں سے بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آمادہ کیا اورملک کومعاشی بحرانوں سے نکال کر ترقی کے نئے دور میں داخل کیا جس کا منہ بولتا ثبوت چائنہ اکنامک کوریڈور سمیت دیگر زرعی اور صنعتی بستیوں کی آبادی ہے اور ان نئے صعنتی یونٹس کے قیام سے ملک میں بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی اور 65فیصد فنی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر روزگار کے مواقع میسر ہونگے اقتدار کے ابتدائی دو سالوں میں ملک و قوم کی مفاد اور ترقی کی خاطر انتہائی مشکل فیصلے کرنے پڑے قوم نے ان مشکل فیصلوں کو انتہائی تحمل سے برداشت کیا اب ان مشکل فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں قوم کو اندازہ ہوگیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہی اس ملک ترقی قوم کی خوشخالی اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے ضامن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نواز شریف ،شہباز شریف نے اپنے کارخانوں کو دوام بخشنے کے لئے قومی خزانے کو لوٹا زرداری نے کرپشن کے ذریعے جائیدادیں بنائیں، عوامی نیشنل پارٹی نے بھی اس صوبے کی تباہی میں کوئی کثر نہیں چھوڑی اور وہ بھی لوٹ مار ،کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتی رہی ، اب مولانا فضل الرحمان پہلی مرتبہ اقتدار سے باہر رہے تو اس لیے وہ چین سے نہیں بیٹھ رہے اس لیے آئے روز حکومت کے خلاف نیا پروپیگنڈا کررہے ہیں لیکن ان کی کوئی خواہش پوری نہیں ہوسکی ۔