حکومت نے وسائل کا رخ سبسڈی کی صورت میں غریبوں کی طرف موڑاہے’جمشیداقبال چیمہ

64

لاہور۔8نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماو حلقہ این اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان 22سال کی طویل جدوجہد کرکے اقتدارمیں آئے اور انہوں نے تین سالوں میں 22سالوں سے زیادہ جدوجہد کی ہے ، حکومت نے وسائل کا رخ سبسڈی کی صورت میں امیروں کی بجائے غریبوں کی طرف موڑاہے ۔ان خیالا ت کااظہارانہوں نے حلقہ این اے 133کے مرکزی دفترمیں انصاف یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کنونشن میں شمالی اور جنوبی یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی جو قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر مسرت جمشید چیمہ ،صدر وسطی پنجاب یوتھ ونگ گلریز اقبال اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات یوتھ ونگ اظہر مشوانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوںکا جو ش اورولولہ دیکھ کر دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ مسلم لیگ(ن) سمیت کوئی بھی حلقہ این اے 133میں ہمارامقابلہ نہیں کرسکتااور انشا اللہ ہم معزز عدالت سے اجازت ملنے کے بعد میدان میں مقابلہ کریں گے اورانہیں شکست سے دوچارکریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان 22سال کی طویل جدوجہد کرکے اقتدارمیں آئے اور انہوں نے تین سالوں میں 22سالوں سے زیادہ جدوجہد کی ہے ، حکومت نے وسائل کا رخ سبسڈی کی صورت میں امیروں کی بجائے غریبوں کی طرف موڑاہے ۔

نوجوان اپنے حوصلے بلند رکھیں،یہ الیکشن نوجوانوں کا الیکشن ہے مسلم لیگ (ن) ان نوجوانوں سے ڈر گئی ہے ،(ن) لیگ ہمت کرے اور بہانے بنانے کی بجائے میدان میں آ کر مقابلہ کرے ۔مسرت جمشیدچیمہ ،اظہر مشوانی اورگلریزاقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آخری دن تک لڑیں گے ،انشااللہ عدلیہ حقائق کو جانے گی اور عدالت سے اجازت ملنے کے بعد133میں میدان لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہیں اور الیکشن کے لیے تیار ہیں، مسلم لیگ (ن)ہمت کرکے میدان میں آئے اور نظریہ رکھنے والے لوگوں کا مقابلہ کر کے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے اپنے نظر یہ کی طاقت سے اسٹیٹس کوکی حامل قوتوںکو 2018 میں شکست فاش دی ،کوئی سوچ بھی نہیں سکتاتھاکہ زرداری،شریف خاندانوںاو ران کے حواریوں کی صورت میں موجود سیاسی مافیاز کو کوئی رہنما بیک وقت شکست دے سکتاہے لیکن عمران خان نے اپنے عزم اورحوصلے سے ایسا کرکے دکھایا ۔