
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اورہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.06 روپے کمی کا اعلان کیا ہے ۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی ہے جس کے تحت 16ستمبر سے 30 ستمبر تک پیٹرول کی قیمت میں 10روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں13.06 روپے فی لیٹر کمی کر دیا ہے ۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے 10روپے کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت249.10روپے فی لیٹر ہوگئی ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.06روپے کمی کے بعد 249.69روپے فی لیٹر ہوگیاہے۔
مٹی کا تیل 11 روپے 15 پیسے فی لیٹر سستا ہو کر 158.47 روپے ہوگیا ہے ،لائٹ ڈیزل 12.12 روپے کمی کے بعد فی لیٹر 141.93روپے کردیا گیا ہے ۔وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگا۔تیل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کے ردو بدل کو مد نظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی کنزیومر پرائسز میں کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل ریلیف عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعظم کو نصف ریلیف عوام کو دینے کا مشورہ دیا گیا تھا جس سے وزیراعظم نے اتفاق نہیں کیا۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے عوام مہنگائی کا شکار ہیں، عوام کو مکمل ریلیف ملنا چاہئے۔