حکومت نے چاند دیکھنے کے لیے موبائل ایپس کا آغاز کیا ہے‘ فواد چوہدری

101

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے چاند دیکھنے کے لیے موبائل ایپس کا آغاز کیا ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قمری کیلنڈر چاند دیکھنے پر تنازعے کے خاتمے کے لیے مددگار ثابت ہو گا، وزیراعظم عمران خان نے بھی قمری کیلنڈر کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قمری کیلنڈر پر عملدرآمد کے بارے میں انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی رہنمائی طلب کی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں نئی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ان کی وزارت کی جانب سے ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جدید تکنیکی آلات کے ساتھ ملک کو ڈیجیٹلائز کرنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں طالب علموں کو متحرک کرنے کے لیے انہیں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ایمنسٹی سکیم کے ذریعے تمام اکاﺅنٹس کو رجسٹرڈ اور دستاویزی کیا جائے گا جس سے بدعنوانی کے خاتمے اور منی لانڈرنگ کو قابو کرنے میں بھی مدد ملے گی۔