حکومت وانتظامی افسران گاڑی کے دو پہیے، ترقی کیلئے تعاون ناگزیر ہے، رمضان بازاروں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

66

لاہور۔4مئی (اے پی پی):معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں رمضان بازاروں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں ، کوالٹی اور شہریوں کو فراہم سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ نے تمام کابینہ کے ارکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں رمضان بازاروں کا دورہ کریںاور جو سبسڈی عوام کے ٹیکس کے پیسے سے ان کو دی جا رہی ہے ،اس کی ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برکت مارکیٹ گارڈن ٹاﺅن میں قائم رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینیٹر اعجاز چوہدری بھی موجود تھے، ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران اشیاءضروریہ کی طلب و رسد قیمتوں اور معیار کی مانیٹرنگ کیلئے 1201 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے رمضان بازار میں صفائی اور دیگر انتظامات پرضلعی انتظامیہ اور منتظمین کوشاباش دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ گاڑی کے دو پہیے ہیں،حکومتی کوششیں اس وقت تک رنگ نہیں لاسکتیں جب تک بیوروکریسی ان پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بناتی۔

انہوں نے کہاکہ چینی کی سپلائی کو بڑھانے کے حوالے سے تجویز پر غور کیاجائے گا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ چینی کے کاﺅنٹروںکو بڑھا دے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔معاون خصوصی نے کہاکہ جب تک مانیٹرنگ سسٹم رہے گا صورتحال بہترہوگی،ماضی میں پانچ فیصد ایلیٹ کلاس نے 95فیصدعوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، پنجاب اسمبلی کے باہر ایک کنیز آہ وبکا کر تے ہوئے کہہ رہی تھی کہ شوباز شریف کے دور میں مثالی اقدامات اٹھائے گئے،انہی اقدامات کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے اور 1200ار ب کی مقروض ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے جو الیکٹورل ریفارمز متعارف کروائی گئیں، دھاندلی زدہ سوچ والی کنیزیں، درباری اور حواری اس کی مخالفت کیلئے نکل آئے جس سے یہ بات واضح ہے کہ یہ لوگ صاف اور شفاف الیکشن نہیں چاہتے،پی ٹی آئی کی حکومت پرعزم ہے کہ وہ آنے والے الیکشن میں ایک ایسا سٹرکچر دیں گے جو ٹیکنالوجی سے جڑا اور صاف و شفاف الیکشن کو یقینی بنائے گا۔

معاون خصوصی نے کہاکہ حضرت علیؓ کی مبارک زندگی عوامی فلاح و بہبود اور انسانیت کی خدمت کا بہترین نمونہ ہے،انصاف سے روگردانی کرکے نہ کوئی معاشرہ چلا ہے اور نہ چل سکتا ہے،حق کیلئے کھڑا ہونا ہی اصل بہادری ہے ،انہوں نے کہا کہ آج یوم علیؓ کے دن ہمیں تجدید عہد کرنا ہے کہ ہمیں حق کے ساتھ کھڑا ہونا اور حق کا ساتھ دیناہے۔