اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت وزیر اعظم کی سربراہی میں ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہے، اس وقت ملک بھر میں سکول کی سطح پر سپورٹس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق رانا ثنااللہ کی زیر صدارت اسکولوں میں سپورٹس کے احیاء بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ، ندیم ارشاد کیانی، وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم محی الدین وانی سمیت، تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سپورٹس اور تعلیم کے محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا وزیر اعظم کی سربراہی میں ملک میں سپورٹس کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے پر عزم ہیں، اس وقت ملک بھر میں سکول کی سطح پر سپورٹس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے اسکولوں میں سپورٹس انفراسٹرکچر سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز سے ڈیٹا طلب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کو بین الاقوامی معیار تک لے جانے کے لیے نچلی سطح تک جانا ہو گا،تمام صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ ملکر سکول سپورٹس ڈیٹا مرتب کریں۔
ڈیٹا آنے کے بعد اہداف کو متعین کرنا اور ان کا حصول آسان ہو گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسکولوں میں سپورٹس کی حالت جانچنے کے لیے ایک معیار مقرر کیا جائے۔ہمارا ہدف پاکستان میں کھیلوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔