حکومت وزیراعظم یوتھ لون سکیم کو مزید قابل رسائی اور موثر بنانے کیلئے پر عزم ہے،معاون خصوصی شزہ فاطمہ خواجہ

173

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے نوجوانوں کیلئے کاروبار میں مدداورملک کی معاشی ترقی میں وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی اہمیت پر زور دیتے ہو ئے کہا ہے کہ حکومت اس سکیم کو مزید قابل رسائی اور موئثر بنانے کیلئے پر عزم ہے۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈپٹی گورنر سیما کامل کے ساتھ تمام پارٹنر بینکوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں کے ساتھ ایک ورچوئل جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد پاکستان میں نوجوان اسٹارٹ اپس اور موجودہ کاروبار کے لیے قرض کے عمل کو آسان اور موزوں بنانا تھا۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم قرضہ سکیم کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا،جس میں بہتری کے لیے شعبوں کی نشاندہی اور کاروباری افراد کے لیے قرض کے عمل کو آسان بنانے پر توجہ دی گئی۔ نمائندوں نے نوجوان سٹارٹ اپس اور کاروباری اداروں کو فنانس تک رسائی میں درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا اور ان کی کریڈٹ تک رسائی کو آسان بنانے کے طریقوں پر غور کیا۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کاروبار ی نوجوانوں کی مدد اور پاکستان میں معاشی ترقی کو فروغ دینے میں وزیر اعظم کی قرضہ سکیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ قرض کی اسکیم قابل رسائی اور موثر ہو تاکہ نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے قرض کے عمل کو آسان بنانے اور نوجوان سٹارٹ اپس اور کاروبار کے لیے کریڈٹ تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کاعزم ظاہر کیا گیا۔