حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان بالاکوٹ پن بجلی منصوبہ کے معاہدے پر دستخط‎

90

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان بالاکوٹ پن بجلی منصوبہ کے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی بالاکوٹ میں پن بجلی کے منصوبہ کے لئے 300 ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا۔ اس حوالہ سے اقتصادی امور کے وفاقی وزیر عمر ایوب خان اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں شركت کی ہے.

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ پن بجلی گھر کا یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر تعمیر کیا جائے گا جس کی بجلی پیدا کرنے کی استعداد 300 میگا واٹ ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نہ صرف ملک کی پن بجلی کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ ماحول دوست اور سستی توانائی کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے کہا ہے کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تعمیر کے دوران 1200 سے زیادہ افراد کو ملازمت فراہم کرے گا: وزیراعلی نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت صاف اور قابل تجدید توانائی کے پختہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔