حکومت پاکستان حالیہ بجٹ میں کسانوں کے لیے متعدد عملی اور پائیدار اقدامات لا رہی ہے ، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

33

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان حالیہ بجٹ میں کسانوں کے لیے متعدد عملی اور پائیدار اقدامات لا رہی ہے تاکہ زرعی شعبے کو فروغ دیا جا سکے اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر مملکت برائے قومی غذائی تحفظ ملک رشید احمد خان اور رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کو ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے اور اسی بنیاد پر حالیہ بجٹ کو کسان دوست بجٹ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو سبسڈی، بلاسود قرضے، جدید ٹیکنالوجی، معیاری بیج، کھاد، زرعی مشینری اور واٹر مینجمنٹ کے لیے خصوصی پیکجز دے رہی ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران وزارت متعدد اصلاحات لا رہی ہے جن میں ڈیجیٹل زراعت، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی ٹیکنالوجیز، زرعی تحقیق اور جدید تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری شامل ہیں۔رانا تنویر حسین نے بتایا کہ حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مربوط پالیسی سازی پر کام کر رہی ہے تاکہ زرعی میدان میں جدیدیت لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مارکیٹ تک براہ راست رسائی، منڈیوں کی بہتری، زرعی ایکسپورٹ کے فروغ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی حوصلہ افزائی کے اقدامات بجٹ میں شامل ہیں۔

وزیر مملکت برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق ملک رشید احمد خان نے بھی ملاقات میں زرعی اصلاحات پر مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت میں نئے عزم کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے تاکہ ملک میں غذائی تحفظ کو مستحکم بنایا جا سکے۔رانا محمد سلیم نے بھی کسانوں کے مسائل اجاگر کیے اور حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زرعی ترقی کے لیے ضلعی سطح پر بھی مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت زراعت کو صرف ایک معاشی شعبہ نہیں بلکہ قومی بقاء، غذائی خودکفالت اور ماحولیاتی تحفظ کا ذریعہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں وزارت بھرپور اصلاحاتی اقدامات، سمارٹ زراعت کے منصوبے اور کسانوں کے لیے براہِ راست معاونت کے نئے ماڈلز متعارف کروائے گی۔ ہم سب کا مشترکہ ہدف ایک خوشحال کسان، مضبوط معیشت اور پائیدار زرعی نظام ہے اور اس منزل کے حصول کے لیے ہم پوری سنجیدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔