34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںحکومت پاکستان ہمیشہ سے اپنے اقلیتی بھائیوں کے ملکی ترقی میں کردار...

حکومت پاکستان ہمیشہ سے اپنے اقلیتی بھائیوں کے ملکی ترقی میں کردار کو سراہتی ہے، چوہدری سالک حسین کا کرسمس کی تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ہمیشہ سے اپنے اقلیتی بھائیوں کے ملکی ترقی میں کردار کو سراہتی ہے اور انہیں ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے، کرسمس، ایسٹر، دیوالی، ہولی ، بیساکھی ، بابا گورو نانک کا جنم دن جیسے مختلف عقائد کے مذہبی تہوار سرکاری سطح پر مناتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں کرسمس کی تقریب میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے کرسمس کی مناسبت سے صحافیوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنے میں حکومت اور میڈیا سب اپنا اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان ہمیشہ سے اپنے اقلیتی بھائیوں کے ملکی ترقی میں کردار کو سراہتی ہے اور ان کو ملک کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کر رہی ہے، مسيحی برادری نے قیام پاکستان سے لیکر آج تک تمام شعبوں میں پاکستان کے لئے خدمات سر انجام دی ہيں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام شرف انسانیت کا علمبردار دین ہے، ہر فرد سے حسن سلوک کی تعلیم دینے والے دین میں کوئی ایسا اصول یا ضابطہ روا نہیں رکھا گیا جو شرف انسانیت کے منافی ہو۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ دیگر طبقات معا شرہ کی طرح اسلامی ریاست میں اقلیتوں کو بھی ان تمام حقوق کا مستحق قرار دیا گیا ہے جو اکثریت کو حاصل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حضورﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں چودہ سو سال گزرنے کے باوجود آپﷺ کے زمانے سے لیکر آج تک ہر اسلامی حکومت میں غیر مسلموں کے حقوق کو تحفظ حاصل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام لوگ ایک گلدستے کی مانند ہیں جس میں ہر رنگ کے پھول ہیں۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ حکومت پاکستان کرسمس، ایسٹر، دیوالی، ہولی ، بیساکھی ، بابا گورو نانک کے جنم دن جیسے مختلف عقائد کے مذہبی تہوار سرکاری سطح پر مناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال بھر مختلف جگہوں پر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جہاں پر تمام عقائد کے لوگ اکٹھے ہوکر اتحاد و یگانگت کا ثبوت دیتے ہیں تاکہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی مضبوط ہو سکے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مسیحی برادری کے مطالبے پر حال ہی میں کرسچین میرج ایکٹ 1872 میں ترمیمی بل کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور ہر سال مستحق اقلیتی افراد کو مالی مدد، ان کے بچوں کو پرائمری سے پروفیشنل لیول تک وظائف، صحت اور تعلیم کے لئے سامان، خواتین کے لئے سلائی مشینیں، طلباء کے لئے لیپ ٹاپ، مذہبی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے فنڈز مہیا کرتی ہے۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی آزادی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پہلی مرتبہ بادشاہی مسجد اور سینٹ پیٹرکس کیتھیڈرل چرچ کراچی میں مذہبی ہم آہنگی کانفرنسز منعقد کرائی گئیں۔

چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ ہر سال کرسمس کے موقع پر بھی کرسچین کمیونٹی سے وابستہ صحافیوں کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ہمارے معاشرے میں محبت ، مساوات، روادری اور برداشت جیسے جذبات کو فروغ دے کر ہی ممکن ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب حضرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور مسیحی برادری کو کرسمس 2024 کی مبارکباد دیتا ہوں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=537710

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں