حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز نے سپورٹس کیلنڈر ترتیب دیتے ہوئے شیڈول جاری کر دیا

196

ڈیرہ غازی خان۔ 16 ستمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز نے سپورٹس کیلنڈر ترتیب دیتے ہوئے شیڈول جاری کر دیا،ڈیرہ غازی خان میں مجموعی طور پر کھیلوں کے 18 مقابلے کرائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈویژنل سپورٹس آفس ڈیرہ غازی خان کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس کی صدارت ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن خان نے کی۔اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز اور تحصیل سپورٹس آفیسرز کے علاوہ ڈویژنل کوچز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر عطا الرحمن خان نے بتایا کہ سپورٹس کیلنڈر اکتوبر سے جون تک جاری رہے گا اور اس کیلنڈر کے تحت تحصیل، ڈسٹرکٹ ،ڈویژن اور صوبائی لیول پر سپورٹس کے مقابلے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن اور صوبائی لیول پر کھیلوں کے کیمپ بھی منعقد ہوں گے۔16 سال سے کم عمر بچوں کا سالانہ سپورٹس کیلنڈر تحصیل لیول پر ٹرائلز کرائے جائیں گے۔ڈویژنل سپورٹس آفس کی طرف سے کھلاڑیوں کو کٹ بیگز،شوز،ٹریک سوٹ،پلینگ کٹ دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب لیول کے مقابلوں میں پہلی مرتبہ ناک آؤٹ کی بجائے لیگ سسٹم ہوگا اور ہر ٹیم کم سے کم چار میچ کھیلے گی۔کھلاڑیوں کا دوماہ کا کیمپ منعقد کرایا جائیگا۔

میڈلز لینے والے کھلاڑیوں کو بیس ہزار سے تیس ہزار روپے کے درمیان ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔اٹھارہ سال سے بڑے کھلاڑیوں کو مختلف محکموں اور حکومت پنجاب کی کمپنیوں میں ملازمتیں دلائی جائیں گی۔ عطاء الرحمن نے کہا کہ آئندہ صرف حکومت سے رجسٹرڈ کلبز کو مراعات دی جائیں گی اور انہوں نے تمام آفیسرز کو ہدایت کی کہ 2 اکتوبر سے پہلے تمام سپورٹس فسیلٹیز کو مکمل طور پر فنکشنل کر دیا جائے۔