حکومت پنجاب کے کسان دوست پروگرام انسداد سموگ کے تحت سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی کی تقریب کا انعقاد

94
حکومت پنجاب کے کسان دوست پروگرام انسداد سموگ کے تحت سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی کی تقریب کا انعقاد

فیصل آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی):حکومت پنجاب کے کسان دوست پروگرام انسداد سموگ کے تحت سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی کی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی جس میں سابق ایم پی اے رہنما مسلم لیگ ن خالد پرویز گل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان افضل اعوان،ڈائریکٹر زراعت (توسیع)خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ کرامت علی،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل زرعی انجینئرنگ رانا محمد خالد،اسسٹنٹ کمشنر صدر رنگزیب گورایہ سمیت کسانوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی۔خالد پرویز گل نے قرعہ اندازی کی نگرانی کی اورکہا کہ حکومت پنجاب کسان بھائیوں کی فلاح و بہبود اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے بہترین اقدامات کر رہی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیونے کہا کہ گزشتہ سالوں سے سموگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے جس سے بے پناہ مسائل جنم لے رہے ہیں۔ کسان بھائی فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں،آگ لگانے سے زمین سے نامیاتی مادوں کی تلفی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی مسائل جنم لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بہترین اقدامات کر رہی ہے اس سلسلہ میں کسانوں کو زرعی آلات 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جارہے ہیں،کسان ان زرعی آلات سے استفادہ حاصل کریں اور سموگ کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ سموگ کی روک تھام کیلئے کسانوں کو سپر سیڈر اور رائس اسٹراشریڈر 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جارہے ہیں، 60 فیصد رقم حکومت پنجاب جبکہ 40 فیصد رقم کسان برداشت کریں گے۔

مجموعی طور پر 227 کسانوں کو زرعی آلات فراہم کئے گئے ضلع فیصل آباد میں 227 سپرسیڈر اور 32 رائس سٹراشریڈر سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔ ضلع بھر میں 510 درخواستیں موصول ہوئیں شرائط و ضوابط پر پرکھنے کے بعد 245 درخواستیں قرعہ اندازی کیلئے اہل قرار پائیں۔ قرعہ اندازی میں کامیاب کسان زرعی آلات کی بکنگ کرائیں گے۔اس موقع پر کسانوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے کسان دوست اقدامات کو سراہا۔