اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ موجودہ حکومت زراعت کو فروغ دے رہی ہے اور کسانوں کو ان کی مدد اور بہتر پیداوار کے لیے متعدد مراعات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایم این اے ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ نے وزیرخزانہ کو تھل کے علاقے کے چھوٹے کاشتکاروں کے مسائل سے آگاہ کیا جو مسلسل خشک سالی سے شدید متاثر ہیں اور زرعی قرضہ جات ادا کرنے سے قاصر ہیں اور حکومت سے ان کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
وزیر خزانہ جناب شوکت ترین نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کو فروغ دے رہی ہے اور کسانوں کو ان کی مدد اور بہتر پیداوار کے لیے متعدد مراعات فراہم کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کسانوں کی پائیدار مدد کے لیے فصلوں کے بیمہ کی تجویز بھی دی۔
وزیر خزانہ نے کسانوں کو حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اورزرعی ترقیاتی بینک صدر سے کہا کہ وہ پالیسی کے مطابق قرضوں کا کچھ حصہ معاف کرکے تھل کے علاقے میں خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرے۔ ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ نے تھل کے علاقے کے قحط زدہ کسانوں کی مدد پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔