حکومت کسی کو بھی ملکی مفاد کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی، اپوزیشن مہنگائی کو قابو کرنے اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومتی کاوشوں کو سپورٹ کرے،وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان

176

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی اختلافات کے باوجود قومی مفادات کے معاملات پر متحد ہونا چاہیے، اپوزیشن مہنگائی کو قابو کرنے، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومتی کاوشوں کو سپورٹ کرے اور ملکی استحکام کیلئے قومی اداروں کی حوصلہ افزائی کرے، بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قومی اداروں کو بدنام کر کے ملک دشمن بیانیے کو آگے لیکر چل رہی ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھا کر لوگوں کی توجہ اپنے بدعنوان قائدین کے غلط کاموں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم حکومت کسی کو بھی ملکی مفاد کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ علی محمد خان نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے میں کامیاب ہو جائے گی اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے قائدین کی بدعنوانیوں کو تحفظ دینے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے اور قوم کا پیسہ کھانے پر وہ انہیں جوابدہ بنائیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے موجودہ حکومت کو مہنگائی سمیت مختلف مسائل ورثے میں ملے تھے تاہم موجودہ حکومت نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو کرنے کیلئے جامع پلان تیار کیا ہے اور جلد ہی عوام کو خوش خبریاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران تباہ حال معیشت چھوڑ کر گئے تھے تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی انتھک محنت سے ہم اسے استحکام دینے میں کامیاب ہوئے اور کرنٹ اکاونٹ خسارہ سرپلس ہو گیا ہے۔ علی محمد خان نے مہنگائی میں کمی لانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گی۔