اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جلوسوں اور لانگ مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں، کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں جلسے جلوس کرنا خطرے سے خالی نہیں، گلگت بلتستان میں اپوزیشن کا بیانیہ ناکام ہو گیا، اپوزیشن جماعتیں اس وقت ملک سے وبا کے خاتمے کیلئے ذمہ دار کردار ادا کریں بعد میں جتنے جلسے کرنا چاہیں کر لیں، عوام اب باشعور ہو گئے ہیں، وہ نواز شریف کو دوبارہ ملک کو لوٹنے کا موقع کبھی نہیں دیں گے، مانتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، مہنگائی کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کرپشن کی بیماری ہے، اب یہ لوگ ملک میں کورونا پھیلانے کا بھی باعث بن رہے ہیں، حکومت نے این سی او سی فیصلے پر سب سے پہلے خود عمل درآمد کیا اور جلسے منسوخ کئے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا کورونا ایس او پیز کے حوالے سے فیصلہ انتہائی اہم ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتیں ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کر اگر حکومت پر یقین نہیں تو وہ اپنے ڈاکٹرز سے پوچھ لیں کہ کورونا کی دوسری لہر کتنی خطرناک ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ نواز شریف وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں۔ مریم نواز کے نواز شریف کے چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اب باشعور ہو گئے ہیں، وہ کسی صورت میں نواز شریف کو دوبارہ ملک لوٹنے کا موقع نہیں دیں گے۔ شہباز گل نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن کا کوئی بڑا اسکینڈل سامنے نہیں آیا، وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، اپوزیشن جماعتیں عوام میں کیا بیانیہ بیچیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اپوزیشن نے بھرپور مہم چلائی لیکن عوام نے انہیں مسترد کیا، دھاندلی ہوتی تو پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت لیتی، اپوزیشن جماعتیں کیمرے لگا کر عوام کے سامنے گنتی کرائیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔