حکومت کی بہترین پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا،برطانوی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، چیئر مین سینیٹ کی برطانوی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو

144

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول ہے اور سرمایہ کاروں کو مراعات دی جارہی ہیں،حکومت بہترین پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا،خطے کی ترقی و خوشحالی میں گوادر کلیدی کردار ادا کرے گا۔

سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی سرمایہ کاروں کیری گوف کے ایم ڈی البرٹ بیرے لیسے ، ٹرولیکس کے ایم ڈی تھامس البرٹ لیسے اور ان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں سینیٹرز شبلی فراز اورسیف اللہ نیازی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں سرمایہ کاری کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں وفد نے چیئرمین سینیٹ کو اپنے دورے کے مقاصد بارے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں ماحول سرمایہ کاری کے لئے سازگار ، مراعات دی جارہی ہیں ۔

کاروباری و معاشی روابط عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہونگے۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوتا ہے ۔حکومت بہترین پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔گوادر ایک نئے معاشی مرکز کی حیثیت سے ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔خطے کی ترقی و خوشحالی میں گوادر کلیدی کردار ادا کرے گا۔ پاکستان کے برطانیہ سے تاریخی تعلقات ہیں ۔تجارتی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں آباد ہے۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں ۔