حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

57

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ملک کے تمام شعبوں سے مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں، رواں مالی سال کے دوران ریکارڈ ٹیکس جمع کیا گیا ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے باوجود مکمل لاک ڈائون کا آپشن استعمال نہیں کیا اور معیشت کا پہیہ چلتا رہا اور معیشت کی بحالی کی وجہ سے اپوزیشن پریشانی اور اضطراب کا شکار ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ان دنوں کنفیوژ ہیں، اپوزیشن رہنمائوں کی باڈی لینگویج ان کے الفاظ کا ساتھ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومتوں نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا اس کے علاوہ دونوں جماعتوں نے بے دردی کے ساتھ قومی خزانے کو لوٹا اور قومی اداروں کو تباہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ یہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ (ن) لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کی کمپنی کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ منافع مل رہا ہے۔