لاہور۔2مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر رانا مبشر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے 20 ارب روپے کا رمضان پیکج عوام دوستی کا واضح ثبوت ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملک جلد معاشی قوت بننے جا رہا ہے ،اپوزیشن کے پاس انتشار کی سیاست اور مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں ہے، عوام کو رمضان المبارک میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں خیابان امین میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔رانا مبشر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،مسلم لیگ نے پاکستان کو بنایا ہے اوریہی اسے بحرانوں سے نکالے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے 20 ارب روپے کا رمضان پیکج دیا ہے جو عوام دوستی کا واضح ثبوت ہے ،رمضان پیکیج سے 40 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ محمد نوازشریف کی قیادت میں وزیر اعظم شہبازشریف نے جو محنت کی اس سے ملک معاشی ٹریک پر گامزن ہو چکا ہے، جب اقتدار میں آئے تو ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکا تھا، اب تو امریکہ اور روس کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں ، ملکی زر مبادلہ 3 بلین سے 16 بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے،حکومت کی بہترین حکمت عملی سے مہنگائی کا طوفان تھم چکا ہے
جبکہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی استحکام آ یاہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری سمیت زراعت کے معاملات بھی بہتر ہو رہے ہیں،سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ کی نفسیاتی حد عبور کر چکی ہے اور جس طرح حکومتی معاشی ٹیم کام کر رہی ہے امید ہے کہ آئندہ 3 برس تک آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ دیں گے اور جلد ملک ایشیاء کی سپر پاور بنے گا۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ ماضی میں اناڑیوں نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے ڈبو دیا ، ان قرضوں سے نہ ملک میں موٹر ویز بنیں اور نہ ہی کوئی میگا پراجیکٹ شروع کیا گیا،ان قرض کے پیسوں سے صرف اپنے حواریوں کو نوازا گیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اناڑیوں کی طرف سے ملک کے خلاف سازشیں کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے،موٹر ویز بنائیں،بے روز گار نوجوانوں کوروز گار کے بے پناہ مواقع فراہم کئے،ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے11ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی اور اندھیروں کو ختم کر کے ملک میں اجالا کیا ،
اب بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے وفاق میں وزیر اعظم شہبا زشریف نے ملک کو جبکہ صوبائی سطح پر وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، مسلم لیگ نے پاکستان کو بڑی قربانیاں دے کر بنایا اور اب بھی یہی جماعت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالے گی،جب بھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ذکر آ ئے گا تو مسلم لیگ( ن) کا نام سامنے آ ئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گندم کی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔
ایک اور سوال کے جواب میں رانا مبشر نے کہاکہ اپوزیشن کی باتیں کوئی معنی نہیں رکھتیں ،انشا اللہ سب بہتر ہوگا،رمضان المبارک میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔