سرگودہا۔ 13 اپریل (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت و ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کیجانب سے آسان شرائط پر ٹریکٹرز کی فراہمی کسان کی زندگی میں انقلاب لانے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا، اسوقت کاشتکاروں کو جو مشکلات ہیں حکومت اس سے بخوبی آگاہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو محکمہ زراعت کے دفتر میں خوش نصیب کسانوں میں ٹریکڑز کےکاغذات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جس طرح مختلف شعبہ جات میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں اس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں، اس وقت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ بہتر انداز میں کام کرنے والی وزیراعلیٰ کا اعزاز مریم نواز شریف کے سر ہے جنہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں ، گھر کی تعمیر ہو یا کاروبار ، ٹریکٹر کی تقسیم ہویا شعبہ صحت کے حوالہ سے محترمہ مریم نواز کے انقلابی اقدامات پنجاب کوتمام صوبوں میں نمایاں کر رہے ہیں ، ٹریکٹرز تقسیم کرنے کی تقریب بھی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا کاشتکار مشکلات کا شکار ضرور ہے مگر اس کیلئے حکومت نے بہت سی آسانیاں پیدا کی ہیں جس میں آسان شرائط پر ٹریکٹرز کی تقسیم ،کھاد ، بیج اور دیگر زرعی قرضہ جات بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے، انشاءاللہ آنے والے دنوں میں مزید بہتریاں آئیں گی۔ تقریب میں ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین کے علاوہ دیگر افسران اور ترقی پسند کاشتکاروں کی بڑی تعدادشریک تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581309