اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے کہا ہے کہ حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے مسلسل اقدامات جاری ہیں جس کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
بدھ کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ جاری مالی سال میں اخراجات کے رجحان کو دیکھا جائے تو حکومت نے حتی المقدور کوشش کی ہے کہ اخراجات پر قابو پایا جائے جہاں ضرورت تھی وہاں اخراجات کئے گئے اسی وجہ سے جاری مالی سال میں اخراجات میں صرف 1.9فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ،
مالی سال 2022 میں اخراجات میں 15.9فیصد ، مالی سال 2023 میں 23.6فیصد اور 2024 میں 12.2فیصد اضافہ ہوا تھا ۔ سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے سے خزانے پر 28 سے 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا ۔