حکومتی اقدامات سے ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے، عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری

66
حکومتی اقدامات سے ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے، عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے، ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملتے ہیں، عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے، ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

بدھ کے روز پریس بریفنگ کے دوران پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مخصوص عناصر کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، چند عناصر ملک میں انتشار چاہتے ہیں، ہم نے گزشتہ دور حکومت میں ملک کو بجلی کے بحران سے نکالا، دہشتگردی میں کمی لائے ، ہماری حریف جماعت نے ایک صوبے میں ایک بھی پراجیکٹ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا، وہاں سات ارب سے شروع ہونے والا میٹرو پراجیکٹ90 ارب تک پہنچ گیا ، کبھی ملین ٹری سونامی کی بات ہوئی مگر سب جھوٹ پر مبنی کہانیاں تھیں۔ جب ہم نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی تو یہ روز ہاتھ اٹھا کر دعائیں کرتے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے، آئی ایم ایف پاکستان کے غریب عوام کے ساتھ ڈائیلاگ نہ کرے لیکن ان تمام چیزوں کے باوجود ہم نے ملک کو بحران سے نکالا۔ جب ہم بجٹ دے رہے تھے تو انہوں نے کہا کہ بجٹ عوام کے گلے کاٹے گا،

لیکن ہم نے اس وقت بھی عوام دوست بجٹ دیا۔ ہم نے ترقی کے سفر کو جاری رکھا اور غریب عوام کو ریلیف دیا، آج ان تمام اقدامات کی وجہ سے آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ستمبر کے مہینے میں ہم نے292 ملین اضافہ کیا، گزشتہ سال کا موازنہ کریں تو آئی ٹی سیکٹر میں42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے چار ماہ میں آئی ٹی ایکسپورٹ کو ڈبل کیا، یہ ہمارے لئے کوئی نئی چیز نہیں ہے، ہمیں جب بھی کوئی ٹارگٹ دیا گیا یا مشکل وقت آیا ہم نے ڈیلیور کیا آج بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے روز ایک جتھا اسلام آباد آکر بیٹھ جائے تو اس کی وجہ سے لاء اینڈ آرڈر اور سکیورٹی کی وجہ سے ہمیں انٹرنیٹ بند کرنا پڑتا ہے جس سے روزانہ نقصان پانچ سے چھ ملین ہے، انٹرنیٹ سے منسلک آئی ٹی انڈسٹریز کا ملین ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر کے شعبہ میں وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب نے بہترین اقدامات اٹھائے، کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر سکیم ، گریجویشن انٹرن شپ پروگرام، پنجاب لائیو سٹاک جیسے اقدامات سے ایگری کلچر سیکٹر میں تقریبا 16 فیصد گروتھ ہوئی ہے، یہ سیکٹر تباہی کے دہانے پر تھا، مسلم لیگ ن کی حکومت نے اس سیکٹر کو واپس اٹھایا، ہماری ان پالیسیوں کی وجہ سے زراعت کے شعبے میں بہتری آرہی ہے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی اور دیگر پروگراموں کے ذریعے کام کر رہے ہیں، امید ہے آئندہ دو سالوں میں پاکستان کی ایکسپورٹ تین گنا بڑھ جائے گی، ہم عالمی مارکیٹ کو دیکھ کر ٹارگٹ کر رہے ہیں، وہ اولیو فارمنگ ہو، ویٹ فارمنگ، بائیو ڈی گریڈڈ کراپس پر حکومت دن رات محنت کر رہی ہے۔

انڈسٹریل سیکٹر میں ہماری 5.86 فیصد بہتری آئی ہے، یہ وہ سیکٹر ہے جس میں بجلی بلوں کی وجہ سے بہت بڑا نقصان ہوا، وزیراعظم نے حالیہ پریس کانفرنس میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے کا وعدہ کیا اس سے چیزیں مزید بہتر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر دس دن بعد سڑکوں پر نکل آتی ہے اور پاکستان کو بند کرنے کی بات کرتی ہے، پاکستان کی معیشت میں بہتری ان کی سیاسی موت ہے،

جب انفلیشن سنگل ڈیجٹ پر آجائے ، مہنگائی کی شرح میں کمی ہو تو یہ ان کی سیاسی موت ہے، شرح سود 22 سے 15 فیصد پر آ گیا ہے۔ پاکستان بہتری کی طرف جارہا ہے، ہمارے فارن انویسٹرز پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں، ہماری سٹاک مارکیٹ اس کا واضح ثبوت ہے جو اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اوپر لے جانے میں ایک پوری ٹیم کام کر رہی ہے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کرکٹ ٹیموں اور غیر ملکی وفود کو پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لئے یہاں بلاتے ہیں۔ بیرسٹر دانیال نے کہا کہ گزشتہ دھرنے اور روڈز بند کرنے سے اسلام آباد کو چار بلین کا نقصان ہوا، جولائی سے اب تک 190 بلین کا نقصان اٹھانا پڑا، ان کے زور زبردستی سے کاروبار بند کیا جاتا ہے، آٹھ لاکھ سے زائد خاندان متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود حکومت اپنے بیانیے کو آگے لے کر جا رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت دن رات کام کر رہی ہے، محنت سے اپنے اہداف حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کا ایک نیا جن آیا ہوا ہے، وہ کس کی وجہ سے آیا ہے وہ سب کو پتہ ہے ، ان کو برداشت نہیں ہوتا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو، پاکستان ترقی کر رہا ہو۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان آگے جارہا ہے یہ ان سے برداشت نہیں ہو رہا۔ سکیورٹی فورسز ملک کی خاطر قربانیاں دے رہی ہیں ، قوم دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایپکس کمیٹی میں تمام جماعتوں کے سربراہان اور چیف منسٹرز نے فیصلہ کیا کہ ہم اپنی افواج کے ساتھ لہو کے آخری قطرے تک کھڑے ہیں۔

پاکستان نے دہشت گردی کو پہلے بھی شکست دی اور آگے بھی دے گا، اسے ہرانے میں ہم سب ساتھ کھڑے ہیں اور اپنا کردار ادا کریں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ہمیں دنیا کو بتانا ہوگا کہ یہ ملک سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے، معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں۔

ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی اولاد کو اپنے ورثے میں کیا دیں گے، ہم نے ٹرینڈ سیٹ کرنا ہے شہداء کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پاکستان کو توڑنے اور تفریق کی بات کرنے والا پاکستان کے ساتھ نہیں ہو سکتا، یہ آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے کس سوچ کو پروان چڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو آج جو مواقع مل رہے ہیں وہ کبھی نہیں ملے، ہمیں اس سوچ کو آگے لے کر جانا ہے، ہم جلائو گھیرائو، نفرت والوں کے ساتھ نہ کل کھڑے ہوئے نہ آج کھڑے ہوں گے۔

ہمیں اس کا جتنا بھی سیاسی نقصان ہو مگر ہم نفرت کی بنیاد پر لوگوں کو کبھی اکٹھا نہیں کریں گے بلکہ ہم پاکستان کو آگے لے جانے کی بنیاد پر اکٹھا کریں گے، ہم معیشت کو بہتر ، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی گروتھ نہیں ہو رہی تھی، ہماری حکومت نے ہائیسٹ ٹارگٹ حاصل کئے، ہم نے ٹریڈرز کو اپنے ساتھ ملایا اور پہلے مرحلے میں انہیں ٹیکس بینڈ کے اندر لے کر آئے، یہ چیزوں کو بہتری کی طرف لے کر جانے کی طرف پہلا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلائو گھیرائو کی سیاست نہ قبول کی نہ کریں گے، کوئی جتھا آکر ملک کو بند کر دے اور اس پر حکومت ایکشن نہ لے یہ نہیں ہو سکتا، ریاست کی رٹ کو کبھی چیلنج نہیں کر سکتے، جو لوگ ایسی چیزوں میں ملوث ہوں گے، اپنے اداروں کو کمزور کرنے کی بات کریں گے ، شہداء کے مجسمے جلانے کی بات کریں گے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، ملک کی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ان کے آئی ڈی کارڈز بلاک کرنے ، پاسپورٹ ، فون نمبرز بند کرنے سمیت تمام ایکشن لیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک کیس میں ضمانت ہوئی ہے جبکہ ان کے نو مئی سے متعلق تمام کیسز پینڈنگ ہیں، وہ ساتھ چل رہے ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر کسی نے احتجاج کرنا ہے تو رولز کو فالو کریں، اگر جلائو گھیرائو کریں گے ، ملک کو بند کریں گے تو حکومت اس کی اجازت نہیں دے گی۔