اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی کمیٹیوں اور وفود کی تشکیل ایک طے شدہ پارلیمانی روایت کے تحت کی جاتی ہے جس میں ہمیشہ حکومتی ارکان شامل ہوتے ہیں۔پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہاکہ یہ ایک روایت یا رواج ہے کہ جب بھی کوئی حکومتی کمیٹی یا وفد تشکیل دیا جاتا ہے تو اس میں حکومت کے ارکان ہی شامل ہوتے ہیں، اس طریقہ کار پر طویل عرصے سے عمل ہوتا آ رہا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے قومی معاملات میں اپوزیشن کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ جنگ کی حالت میں اپوزیشن نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جو کہ قابلِ ستائش اور ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اہم قومی امور پر اپوزیشن اور حکومت ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا رویہ اختیار کریں گے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598772